بانڈی پورہ:ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں لفٹ خدامت نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال آئے مریضوں اور تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈیڑھ دہائی قبل پانچ منزلہ اسپتال کی عمارت کی سنگ بنیاد رکھی گئی تھی۔ اور دہائی سے بھی زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد سنہ 2020کے اوائل میں اسپتال کا رسمی طور افتتاح کیا گیا تھا۔ اسپتال میں دو مقامات پر لفٹ کے لیے مخصوص جگہ کی بھی نشاندہی کی گئی ہے تاہم اس کے باوجود نامعلوم وجوہات کی بنا پر لفٹ کو مکمل نہیں کیا گیا۔ اسپتال میں چوبیسوں گھنٹوں مریضوں، تیمارداروں کا رش رہتا ہے۔ اسپتال میں جراحی یونٹ (Operation Theatre) پانچویں منزل پر ہے جس کی وجہ سے مریضوں سمیت تیمارداروں کو بھی لفٹ نہ ہونے کے سبب ناقابل بیاں تکالیف سے گزرنا پڑتا ہے۔ اسپتال میں آئے مریضوں، تیمارداروں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے اسپتال کو تعمیر کیا گیا تاہم اسپتال میں لفٹ خدمات نہ رکھنا سمجھ سے بالا تر ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا کہ ’’پانچ منزلہ عمارت میں محکمہ صحت کی جانب سے مختلف سہولیات رکھی گئی ہیں تاہم لفٹ نہ ہونے کے سبب اسپتال آنے والے علیل اور معمر افراد، حاملہ خواتین کو سخت مشکلات سے جوجھنا پڑتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ آپریشن تھیٹر کی خدمات پانچویں منزل پر رکھی گئی ہیں اور علیل یا ایسے مریضوں جنہیں جراحی کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے، کے لئے اتنے لمبے راستے کو بغیر لفٹ کے طے کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔‘‘