بانڈی پورہ (جموں کشمیر) :نیشنل کانفرنس وومنز ونگ کی جانب سے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ اجلاس میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس وومنز ونگ کی صدر اور سابق ایم ایل اے شمیمہ فردوس کے علاوہ پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران و کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل شمیمہ فرداس کا بانڈی پورہ پہنچتے ہی ڈھول نگاڑوں سے استقبال کیا گیا اور نعرے بازی بھی کی گئی۔
ایڈووکیٹ شمیمہ فردوس نے خواتین ورکرز کی جانب سے اجلاس کو کامیاب بنائے جانے پر مقامی لیڈران اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے دوران این سی لیڈران نے 5 اگست 2019 کے بعد بدلتے سیاسی حالات کے پس منظر میں کشمیر کی موجودہ سیاسی، معاشی اور اقتصادی حالات پر روشنی ڈالی۔ اپنی تقریر کے دوران بلقیس نے کہا کہ ’’اس عرصے میں (دفعہ 370کی منسوخی کے بعد) کئی ایک سیاسی جماعتیں وجود میں آئیں۔ دراصل وہ بی جے پی کی B ٹیمیں ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’سیاسی روپ میں سامنے آنے والی یہ وہی جماعتیں ہیں، جنہوں نے پہلے بندوق کا ساتھ دیکر لاکھوں لوگوں کا قتل کروایا۔‘‘