بانڈی پورہ: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں منگل کی صبح ایک انتہائی المناک واقعے میں ایک عمر رسیدہ شخص کی اس وقت اچانک موت واقع ہوئی جب وہ اولڈ ایج پنشن کی فارم جمع کرنے کے لیے قطار میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے تحصیل سوشل ویلفیئر دفتر پر منگل کی صبح ایک عمر رسیدہ شخص اولڈ ایج پنشن فارم جمع کرنے کے لیے قطار میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے کہ وہ اچانک بے ہوش ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بزرگ کو علاج و معالجے کے لیے فوری طور پر ضلع ہسپتال بانڈی پورہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت ثناء اللہ بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن ملن گام کے بطور ہوئی ہے۔ old age pension in Bandipora
دریں اثنا اسپتال ذرائع نے موت کی تصدیق کی اور ان کا کہنا ہے کہ بزرگ کی موت غالباً حرکت قلب بند ہونے سے واقع ہوئی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وادی میں عمر رسیدہ افراد کو اولڈ ایج پنشن حاصل کرنے یا اس کے لیے درخواستیں جمع کرنے کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑا ہو کر گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے جو ان لوگوں کے لیے عمر کے اس حصے میں انتہائی کرب ناک مسئلہ ہے۔ لوگوں کا مطالبہ ہے یہ پنشن عمر رسیدہ افراد کے بینک کھاتوں میں ہر ماہ باقاعدگی کے ساتھ جمع ہونا چاہیے اور ان کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل بھی آسان بنایا جانا چاہیے۔