پہلگام: وادی کشمیر کا مشہور و معروف سیاحتی مقام پہلگام ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سیاح پہلگام کی برف پوش وادیوں کے حُسن سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ سرمائی سیر و تفریح کے شوقین سیاح پہلگام میں تازہ برفباری کے مناظر کا لطف لے رہے ہیں اور برف سے کھیل کر اپنی دلی تمنا پوری کر رہے ہیں۔ وہیں کشمیری بچے بھی اس موسم سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے بچے برف میں مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور سیلف ڈیفنس سیکھ رہے ہیں۔ اس تربیتی کیمپ میں چھوٹے پچوں کے ساتھ ساتھ کافی تعداد میں لڑکیاں بھی ہیں۔
پہلگام کی اس سفید پوش وادی میں مارشل آرٹ کی تربیت حاصل کر نے والے بچوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ کشمیر میں رہنے کے باوجود وہ سردیوں میں یہاں کی خوبصورت نظارے کے دیدار سے محروم تھے۔ تاہم تربیتی کیمپ میں آنے کے بعد انہیں سردی کے ایام میں ان خوب صورت مناظر کو دیکھنا کا موقع ملا۔