بانڈی پورہ:جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں منعقدہ نیشنل کانفرنس کے کنونشن میں سینکڑوں کی تعداد میں نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے شرکت کی۔ کنونشن کی صدارت سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر اور سابق ایم لے اے بانڈی پورہ غلام رسول ناز کی بہو ڈاکٹر بلقیس نے کی جن کی آمد پر پارٹی کے کارکنوں نے ان کا پر تپاک استقبال کیا جس کی وجہ سے پورا ہال گونج اٹھا۔
کنونشن میں بانڈی پورہ خصوصا پہاڑی علاقوں سے آئی ہوئی خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ کنوینشن کے دوران مقررین نے کشمیر میں مرکزی حکومت کی جانب سے نافذ کی گئی چند پالیسیوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔ اور نیشنل کانفرنس اور ڈاکٹر بلقیس کو اپنی پر زور اور دیرینہ حمایت کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر بلقیس نے کارکنون سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا ہمیشہ سے ایک ہی موقف رہا ہے، جس میں پچھلے تیس برسوں کے دوران بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، جب کہ دوسری جماعتوں نے حالات کے حساب سے اپنا موقف بدل کر ذاتی فائدہ اٹھانے کی ہمیشہ کوشش کی جس کے لئے وہ عوام کو ڈھال بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی جماعتیں پچھلے چند برسوں کے دوران نئے رنگ و روپ یا نئ جماعتیں کی شکل میں سامنے آئے ہیں جو کہ دراصل بی جے پی کی اے بی سی ٹیمیں ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کنونشن کا مقصد ورکرس کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کرانا اور اپنی قوت اور یکجہتی کا اظہار بھی کرانا ہے۔