جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں قائم حیدر اسپورٹس اکیڈمی پچھلے کئی برسوں سے سینکڑوں بچوں کو مارشل آرٹس کی ٹریننگ دے رہی ہے۔ اس وقت بھی ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قریباً ساڑھے تین سو نوجوان ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ ان میں لڑکیوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔
حال ہی میں حیدرآباد میں منعقدہ نیشنل تھائی باکسنگ چمپئن شپ میں اکیڈمی کی جانب سے کھلاڑیوں نے دو گولڈ، دو سلور اور دو برونز میڈل حاصل کر کے پہلی پوزیشنز حاصل کی ہیں۔
بہترین کارکردگی کے لیے اکیڈمی کے کوچ مظفر احمد اور فیروز احمد کو پرو نائٹ فائٹ نیشنل چمپین شپ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کر رہے کھلاڑی اور حال ہی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے بشارت جمال نے کہا کہ 'اگر انہیں مدد فراہم کی جائے تو وہ بین الاقوامی سطح پر بھی گولڈ میڈل حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔'