اردو

urdu

ETV Bharat / state

شمالی کشمیر کے درجنوں علاقے ضلع صدر مقامات سے منقطع - Kashmir latest news

شمالی کشمیر کے درجنوں علاقوں بشمول کرناہ، ٹنگڈار، مژھل اور گریز کا ہفتے کے روز تازہ برف باری سے سڑکوں پر پھلسن پیدا ہونے کی وجہ سے اپنے اپنے ضلع صدر مقامات سے رابطہ منقطع رہا۔ تاہم کپواڑہ- کیرن روڈ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل حسب معمول جاری رہی۔

شمالی کشمیر کے درجنوں علاقے ضلع صدر مقامات سے منقطع
شمالی کشمیر کے درجنوں علاقے ضلع صدر مقامات سے منقطع

By

Published : Apr 17, 2021, 4:52 PM IST

پولیس کنٹرول روم کپوارہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تازہ برف باری سے سڑکوں پر پھلسن پیدا ہونے کی وجہ سے درجنوں دور افتادہ علاقوں بشمول کرناہ، مژھل اور ٹنگڈار کی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل ہفتے کے روز بند رہی۔

انہوں نے بتایا کہ سادھنا ٹاپ اور زیڈ گلی پر گذشتہ شب تین انچ سے ایک فٹ تک تازہ برف جمع ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برف ہٹانے کے بعد ہی ان سڑکوں پر ٹریفک کو بحال کیا جائے گا۔

تاہم موسلا دھار بارشوں کے با وجود کپوارہ- کیرن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہی لیکن گاڑیاں صرف منڈن تک ہی جا رہی تھیں جو مین ٹاؤن سے کچھ دوری پر واقع ہے۔

بانڈی پورہ پولیس کنٹرول روم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گریز قصبے اور دیگر ملحقہ علاقوں کی سڑکوں پر بھی ہفتے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔

انہوں نے کہا کہ رازدان پاس پر گذشتہ شب سے 7 سے 8 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسم میں بہتری واقع ہوتے ہی برف ہٹانے والی مشینوں کو کام پر لگایا جائے گا۔

بتادیں کہ قصبہ گریز کو وادی کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والے بانڈی پورہ – گریز روڈ کو قریب چھ ماہ بعد 10 اپریل کو کھول دیا گیا تھا۔قصبہ گریز اور ملحقہ علاقوں کے لوگ رازدان پاس کے نزدیک ایک ٹنل تعمیر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ یہ علاقے سال بھر وادی سے جڑے رہیں۔

ادھر وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سرینگر- جموں قومی شاہراہ بھی ہفتے کے روز کئی مقامات چٹانیں کھسک آںے کی وجہ سے بند کر دی گئی تھی تاہم متعلقہ ایجنسیوں نے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا تھا۔

وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر- لیہہ شاہراہ پر سال رواں کے یکم جنوری سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ سے جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر بھی گذشتہ زائد از چار ماہ سے ٹریفک معطل ہے۔تاہم دونوں سڑکوں کو قابل آمد و رفت بنانے کے لئے کام شد ومد سے جاری ہے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details