بانڈی پورہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں کانگریس کی جانب سے پارٹی کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کنویشن کی سربراہی کانگریس کے ریاستی صدر وقار رسول نے انجام دی جبکہ میٹنگ میں پارٹی کے کئی سینئر لیڈران و کارکنان نے بھی شرکت کی۔ کنونشن کے دوران پارٹٰ لیڈران نے کارکنان پر کانگریس کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے انتخابات کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی گئی۔
کنونشن کے حاشیہ پر صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وقار رسول کا کہنا تھا کہ ’’پارٹی کو بنیادی سطح پر منظم کرنے کے لئے ہر ضلع میں اس طرح کی میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ آج کی میٹنگ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔‘‘ وقار کا کہنا ہے کہ ’’اگلے مرحلے میں نومبر کے مہینے میں مسلسل جلسوں اور ریلیز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، پہلے وادی کشمیر اور بعد ازاں سردیوں کے دوران جموں صوبے میں ریلیز منعقد کی جائیں گی۔‘‘ کانگریس لیڈرا کا کہنا تھا کہ ’’اگلے سال منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات تک ریلیز کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہمیں امید ہے کہ راہل گاندھی بھی ہماری حوصلہ افزائی کرنے اور پارٹی کو مزید مستجکم بنانے کے لئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔‘‘