بانڈی پورہ (جموں کشمیر) :فوج کی 14آر آر کے کمانڈنگ آفیسر (سی او) روہت بھٹ نے انکاؤنٹر کے دوران ہلاک ہوئے فوجی اہلکار وسیم احمد ڈار کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعذیت کا اظہار کرتے ہوئے فوج کی جانب سے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔ وسیم ڈار شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع سے تعلق رکھتے ہیں اور حال ہی میں وہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں عسکریت پسندوں کے ساتھ پیش آئے تصادم کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔
سی او 14 RR روہت بھٹ نے وسیم احمد ڈار کے گھر جاکر ان کے والدین، بیوہ سمیت دیگر لواحقین کے ساتھ ملاقات کی۔ واضح رہے کہ وسیم احمد ڈار حال ہی میں کولگام ضلع میں پیش آئے ایک تصادم کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔ کمانڈنگ آفیسر، روہت بھٹ نے حال ہی میں بانڈی پورہ میں 14 RR کے سی او کی حیثیت سے کمان سنبھالی ہے۔ واضح رہے کہ وسیم احمد ڈار 2014 میں فوج میں بھرتی ہوئے تھے۔ انکاؤنٹر کے دوران ڈار کی موت کی خبر سنتے ہی بانڈی پورہ کے باشندوں خاص کر فٹ بال کھلاڑیوں میں صف ماتم بچھ گئی کیونکہ وسیم احمد ضلع کے ایک بہترین فٹ بالر بھی رہ چکے تھے۔