ضمنی انتخابات میں سرحدی علاقہ گریز کے تلیل سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی نے آج بانڈی پورہ میں جشن کی تقریب کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر تلیل کی سیٹ حاصل کرنے والے راجہ اعجاز خان کی گلپوشی کی گئی جبکہ اس موقع پر بی جے پی کے ضلع صدر عبدالرحمٰن ٹیکری، مہیلا مورچہ کی ضلع صدر، یووا مورچہ کے ضلع صدر اور دیگر ارکان اور ورکرس شامل تھے۔ جشن کے دوران بینڈ باجے کے ساتھ ریلی نکالی گئی۔ اعجاز خان نے اپنی جیت کو لیکر کافی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ابتداء سے ہی اپنی بڑی جیت کا پورا یقین تھا۔
اعجاز خان دراصل پی ڈی پی میں رہے فقیر خان کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی جماعتوں نے ووٹ حاصل کرنے کے باوجود اس سرحدی علاقے کو آج تک نظر انداز کیا ہے۔ اسی کے پیش نظر میں نے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور مجھے پورا یقین ہے کہ بی جے پی اس علاقے کی طرف توجہ دے کر یہاں کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 'فاروق عبداللہ شیر کشمیر کا بیٹا ہے، کوئی ڈرا نہیں سکتا'
اس موقع پر بی جے پی کے ضلع صدر عبدالرحمن ٹیکری نے گپکار الائنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الائنس دعویٰ کر رہی تھی کہ بی جے پی کشمیر میں ان انتخابات میں ایک بھی سیٹ حاصل نہیں کرے گی، تاہم ہم نے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ تلیل کی سیٹ جیت کر ہم نے شمالی کشمیر میں بنیاد ڈالی ہے اور آنے والے وقت میں ہم مزید اور بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔