بانڈی پورہ:مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گورئی حاجن کے مقامی نوجوان کھیل کا میدان مکمل نہ ہونے سے مایوس ہیں۔ مذکورہ علاقہ میں موجود میدان ہنوز پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا ہے۔ گورئی حاجن چٹھے بانڈے کا آخری علاقہ ہے۔یہاں کے نوجوان کرکٹ کھیلنے کے بے حد شوقین ہیں۔ تاہم کھیل کا میدان نہ ہونے کی وجہ سے یہ نوجوان یا تو سڑک پر کھیلنے کے لئے مجبور ہیں یا پھر دور دراز کے علاقوں میں جاکر اپنا شوق پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سات وارڈوں اور تقریباً چھ ہزار کی آبادی پر مشتمل اس پورےعلاقے کے لئے اگرچہ چار سال قبل PRI گرانٹس سے ایک کھیل کا میدان تعمیر کرنے کی شروعات کی گئی تھی لیکن اسے آج تک مکمل نہیں کیا گیا ہے۔
مقامی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ٹیلنٹ کے اظہار یا شوق کے مظاہرہ کے لئے میدان دستیاب نہیں ہے،اس وجہ سے وہ کرکٹ کھیلنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کھیلو انڈیا یا دیگر اسکیموں اور پالسیوں کے زریعہ حکومت کھیل کود کو بڑھاوا دینے کا دعوی کرکے ہر علاقے تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم گورئی حاجن کی آبادی کو میدان سے محروم رکھا گیا ہے،جو یہاں کے نوجوانوں اور بچوں کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔