بانڈی پورہ:محکمہ شیپ ہسبنڈری، بانڈی پورہ، کی جانب سے شمالی کشمیر کے حاجن، سوناواری میں ٹاؤن ہال میں مرکزی اسپانسر شدہ اسکیم ’’فارملائزیشن آف مائیکرو فوڈ پروسیسنگ‘‘ پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس تربیتی ورکشاپ میں علاقے کے نوجوانوں، کسانوں اور مائیکرو فوڈ پروسیسنگ یونٹس کے قیام میں دلچسپی رکھنے والے کاروباری افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محکمہ شیپ ہسبنڈری کے افسران نے ملک بھر میں مائیکرو فوڈ پروسیسنگ سیکٹر کا خاکہ پیش کرتے ہوئے اس اسکیم کے متعلق لوگوں کو جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بعد ہندوستان میں سب سے زیادہ پھلوں اور سبزیاں اگائی جاتی ہیں تاہم پیداوار کا بمشکل 2 فیصد حصہ ہی پروسیس کیا جاتا ہے۔
تربیتی ورکشاپ کے دوران مقررین نے کہا کہ ’’پی ایم ایف ایم ای اسکیم ایک مرکزی سیکٹر کی اسکیم ہے جس میں ملک میں غیر منظم مائیکرو فوڈ پروسیسنگ یونٹس کی مدد کے لیے 10,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔‘‘ اسکیم کے مقاصد بیان کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ’’اس میں مائیکرو فوڈ پروسیسنگ یونٹس کو منظم بنانا، یونٹس کی اپ گریڈیشن کے لیے افراد کو مالی امداد فراہم کرنا، تربیت اور تکنیکی رہنمائی وغیرہ شامل ہے۔‘‘