شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے شادی پورہ، سوناواری علاقے میں کئی مقامات پر بجلی کی لٹکتی تاروں سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔ علاقے میں بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں اور بوسیدہ کھمبوں پر لٹکائی گئی ہیں جس کے سبب مقامی باشندوں کو علاقے میں بڑا حادثہ رونما ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
بانڈی پورہ: سوناواری میں بجلی کی لٹکتی تاروں سے لوگوں کو خطرہ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کی بل وقت پر ادا کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود علاقے کو محکمہ بجلی کی جانب سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کے کھمبوں کی اشد ضرورت ہونے کے ساتھ ساتھ ترسیلی لائنوں کو بھی بہتر طریقے سے بچھائے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے محکمہ بجلی کے ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین صرف بجلی بلوں کی تقسیم کاری کی غرض سے علاقے کا دورہ کرتے ہیں، لیکن اس کے بعد کبھی بھی بجلی سے متعلق پیدا شدہ مسائل کے حل کے لیے علاقے میں قدم نہیں رکھتے۔‘‘
مزید پڑھیں:بانڈی پورہ میں آرمی کی گاڑی نے خاتون کو کچل دیا
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بجلی کی تاریں کئی مقامات پر لکڑی کے بوسیدہ کھمبوں حتی کہ بعض مقامات پر درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں، جس سے مقامی لوگوں میں کافی تشویش پائی جا رہی ہے۔
شادی پورہ، سوناواری کے لوگوں نے انتظامیہ سے علاقے میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنائے جانے اور علاقے میں بجلی کے کھمبوں اور تاروں کی مرمت کو یقینی بنائے جانے کی اپیل کی۔