محکمہ آر اینڈ بی نے قریب سترہ سال قبل ضلع بانڈی پورہ کے ترک محلہ، ترک پورہ میں ایک روڈ تعمیر کیا تھا۔ تاہم یہاں کے لوگوں کو اب بھی پیدل ہی سفر کرنا پڑ رہا ہے، کیونکہ ایک مقامی باشندے نے جے سی بی کی مدد سے روڈ کی کھدائی کی اور اس پر بڑے بڑے پتھر ڈال کر اسے عوامی آمد ورفت کے لئے بند کر دیا۔
سڑک کو آمد و رفت کے لیے بند کرنے والے شخص کا دعویٰ ہے کہ سترہ برس قبل اس کی زمین کو سڑک کی کشادگی کے لیے استعمال میں لایا گیا تھا جس کا آج تک اسے معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا۔ تاہم محکمہ تعمیرات عامہ کے مطابق لوگوں نے از خود زمین وقف کی تھی جس کے لیے انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔
سڑک پر رکاوٹیں حائل ہونے کے سبب قریبا پچاس گھروں پر مشتمل ترک محلہ کے باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کے سبب بند کیے گئے روڈ کے علاوہ دیگر کسی بھی راستے سے علاقے میں گاڑی کا پہنچنا محال ہے۔