چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (سی جے ایم) بانڈی پورہ کی عدالت نے ارین بلاک سے ڈی ڈی سی ممبر غلام محی الدین کی ضمانت کی درخواست کو اس بنیاد پر مسترد کردیا کہ ’’اس معاملے کی تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور ملزم کو ضمانت دینا کیس کی تفتیش کو پٹری سے اتار دیتا ہے۔‘‘
پولیس کی رپورٹ کے مطابق ڈی ڈی سی سمیت دیگر ملزمان سے متعلق تفتیش جاری ہے اور ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوسکی ہے۔ ’’اس معاملے کی تفتیش ابتدائی دور میں ہے اور ملزمان کی ضمانت کی درخواست منظور کرنا تفتیش کی کارروائی میں مشکل پیدا کرسکتا ہے۔‘‘
ضمانت کے حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ چونکہ ملزم نے سرکاری فرد خاص طور پر تحصیلدار بانڈی پورہ کی پٹائی کی ہے اور اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران ان سے دستاویزات چھین لئے ہیں، یہ ایک بدترین طرز عمل ہے جس کی کسی بھی مہذب معاشرے میں کسی بھی فرد سے توقع نہیں کی جاسکتی ہے اور اس طرح کے افراد معاشرے میں افسروں کے وقار کو کم کرتے ہیں۔