ضلع بانڈی پورہ کے سدرکوٹ بالا علاقے میں پتھر کی کان میں کام کرنے والے غریب مزدور اور ٹرانسپورٹرز اس وقت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ کیونکہ سرکار کی جانب سے کان کنی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کان کنی پر عائد پابندی سے سینکڑوں افراد بے روزگار اس سلسلے میں کان کنی سے وابستہ درجنوں مزدوروں اور ڈرائیورز نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے کان کنی پر عائد پابندی کے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے۔
احتجاج کر رہے لوگوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے کان کو بند کرنے اور کان کنی پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے سے سینکڑوں افراد روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔
احتجاج کر رہے مقامی مزدوروں نے دعویٰ کیا کہ وہ کان کنی کے شعبہ سے دہائیوں سے وابستہ ہیں اور کان کے آس پاس رہائش پذیر علاقے کی بیشتر آبادی کا روزگار بالواسطہ یا بلاواسطہ اسی کان سے منسلک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کان میں کام بند ہونے سے علاقے کی اکثر آبادی فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ اس ضمن میں انہوں نے اعلیٰ انتظامیہ سے کئی بار گزارش کی، تاہم ان کے مطابق یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ خصوصا ایل جی انتظامیہ سے کان کنی پر عائد پابندی کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔