سرینگر میں سینئر کارڈیالوجسٹ کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے ایک دن بعد، چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) بانڈی پورہ کو منگل کے روز بانڈی پورہ پولیس نے اس وقت روکا جب وہ قرنطینہ مرکز اور نمونہ جمع کرنے والے مرکز کا معائینہ کرنے جا رہے تھے۔
منگل کو چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) بانڈی پورہ ڈاکٹر تجمل حسین کی سرکاری گاڑی کو ڈسٹرکٹ اسپتال بانڈی پورہ کے قریب روکا گیا اور انہیں مبینہ طور بانڈی پورہ پولیس کی جانب سے لاک ڈائون کے نفاذ کے لیے کھڑے کیے گئے ناکے سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ڈاکٹر تجمل نے جموں کشمیر پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بانڈی پورہ پولیس کی جانب سے قرنطینہ مراکز اور نمونہ جمع کرنے والے مراکز کا دورہ کرنے سے روکا گیا اور انہیں ڈسٹرکٹ اسپتال بانڈی پورہ کے نئے کمپلیکس کے قریب ہی روکا گیا۔