اردو

urdu

ETV Bharat / state

کورونا وائرس: بانڈی پورہ میں چار دیہات ریڈ زون قرار - نقل و حرکت پر پابندی

شمالی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے شادی پورہ علاقے میں چار دیہات کو ریڈ زون جبکہ اس کے ملحقہ علاقہ جات کو بفر زون قرار دیا گیا۔

کورونا وائرس: بانڈی پورہ میں چار دیہات روڈ زون قرار
کورونا وائرس: بانڈی پورہ میں چار دیہات روڈ زون قرار

By

Published : Jul 24, 2020, 8:05 PM IST

عالمی وبا کورونا وائرس کے متعدد مثبت معاملے سامنے آنے کے بعد ضلع بانڈی پورہ میں حکام نے شادی پورہ کے چار دیہات کو ’’ریڈ زون‘‘ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو ’’بفر زون‘‘ قرار دیا۔

ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے جمعہ کو نیو کالونی، ڈھاکہ محلہ، مین مارکیٹ اور ہرکار محلہ کو ریڈ زون قرار دینے کے احکامات جاری کیے۔

ملحقہ دیہات بشمول تریگام، گندِ خلیل اور شاہ پور کو بفر زون قرار دے دیا گیا ہے اور عوام کی نقل و حرکت پر پابندی کے لئے ان علاقوں میں بندشیں عائد کردی گئی ہیں۔

کورونا وائرس: بانڈی پورہ میں چار دیہات روڈ زون قرار

ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ’’انسانی جان، صحت اور حفاظت کے پیش نظر اور وبا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندی نافذ کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔‘‘

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے منظور شدہ ہدایات کے مطابق، جو ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں، ان دیہات میں کسی بھی شخص کی نقل و حرکت پر پابندی عائد رہے گی، تاہم کسی بھی طبی ایمرجنسی کے لئے 24X7 کنٹرول روم 01957-225024 یا 01957-225323 کے ساتھ رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر: کورونا کے 718 نئے پازیٹیو کیسز


ڈی سی بانڈی پورہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ انسانی جانوں کو بچانے کے لئے ممنوعہ احکامات کو پوری طرح نافذ کریں۔ انہوں نے دفعہ 188 آئی پی سی اور وبائی امراض بیماری ایکٹ 1897 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دیگر متعلقہ دفعات کے تحت حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ کیا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے چیف میڈیکل آفیسر کو بھی ہدایت کی کہ مثبت افراد کے رابطے میں آئے اشخاص کا سراغ لگانے کا عمل معمول کے مطابق مکمل کیا جائے اور 300 میٹر کی حدود میں سو فیصد اسکریننگ کی جائے۔

ڈاکٹر اویس نے عوام سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون اور احکامات کی پابندی کو یقینی بنائے جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’’احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے عوام کو ضروری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک منظم طریقہ کار وضع کیا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details