امپھال: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز منی پور میں امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں کے لوگوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ریاست میں خوفناک سانحے رونما ہوئے ہیں اور دونوں برادریوں کے بے گھر لوگوں کو اس کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو خوراک، مناسب رہائش اور ادویات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امن ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
راہل گاندھی نے آج گورنر ہاؤس میں گورنر انوسویہ اویکے سے بھی ملاقات کی اور انہیں چورا چند پور، امپھال ایسٹ اور بشنو پور اضلاع میں ریلیف کیمپ کے اپنے دورے کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے گورنر کو مختلف امدادی مراکز میں رہنے والے بے گھر افراد کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بچوں کی خوراک اور مختلف بیماریوں کے لیے ادویات جیسی ضروری اشیاء کی قلت پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔