اردو

urdu

ETV Bharat / state

ترقی یافتہ ملک بننے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ضروری: مرمو

Murmu interacts with self help group members in Meghalaya صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ کسی بھی ملک کو ترقی یافتہ بننا ہے تو اس کے لئے خواتین کو ہر اعتبار سے بااختیار بنانا انتہائی ضروری ہے۔

President Murmu
President Murmu

By UNI (United News of India)

Published : Jan 17, 2024, 7:17 AM IST

نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو کہا کہ سال 2047 تک ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے سماجی، اقتصادی، سیاسی اور روحانی شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے آج بلجیک ہوائی اڈے، تورا، میگھالیہ میں سیلف ہیلپ گروپس (خودامدادی گروپس )کے ارکان کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے ورچوئل طور پر نئے انٹیگریٹڈ ایڈمنسٹریشن کمپلیکس، تورا کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خواتین اپنی شناخت قائم کررہی ہے اور دوسری خواتین کے لیے ہر شعبے میں چاہے وہ دفاع ہو، سائنس اور ٹیکنالوجی، کھیل، تعلیم، کاروباری، زراعت یا کوئی اور شعبہ، آگے بڑھنے کے لئے راستہ ہموار کررہی ہے۔ انہیں صرف کچھ الفاظ اور حوصلہ افزائی کے چھوٹے چھوٹے اقدامات کی ضرورت ہے،جن سے ان کے اندر جوش وجذبہ زیادہ ہوسکے ۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین کی زیر قیادت ترقی کے نظریہ کو اسی وقت نافذ کیا جا سکتا ہے جب خواتین کو اپنے انتخاب کی آزادی حاصل ہو۔ معاشی آزادی کے ساتھ، یہ کسی حد تک حقیقت بن گیا ہے۔ معاشی خود انحصاری خواتین میں زیادہ خود اعتمادی پیدا کرتی ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت ہند اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ خواتین ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں فعال اور بڑی تعداد میں حصہ ڈالیں۔ مزدور نفری میں خواتین کی شمولیت کو بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔

مرمو نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے نہ صرف کئی اقدامات کیے ہیں بلکہ ان کی سیاسی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے ہیں۔ تاہم خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آس پاس کی خواتین کی قدر اور خوبیوں کو پہچانیں اور ان کی حمایت کریں۔

مزید پڑھیں:تعلیم معاشی اور سماجی بہبود کی کنجی: صدر جمہوریہ

صدر جمہوریہ نے خود امدادی گروپوں (ایس ایچ جیز) کے اراکین پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھتے رہیں اور انہیں آگے لے جانے کے لیے دوسری خواتین کا ہاتھ بھی تھامیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا اکیلے کا سفر نہیں ہے بلکہ ہمارے ملک کی خواتین کی ایک بڑی تعداد کا سفر ہے جنہوں نے اپنے گھروں کی چار دیواری سے باہر موجود مواقع کو تلاش کرنا ہے۔ انہیں اپنے علاقے اور قوم کی دیگر خواتین کے لیے تحریک کا باعث بننا چاہیے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details