امپھال: منی پور کے اطلاعات اور تعلقات عامہ کے وزیر ڈی آر سپم رنجن نے ہفتے کے روز کہا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں ریاست کے کسی بھی حصے سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، جو ریاست میں معمول کی واپسی کا اشارہ دیتا ہے۔ سپم رنجن نے کہا کہ کل سے ریاست میں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ریاست میں امن اور معمولات واپس آ رہے ہیں۔ ریاست بھر میں مختلف مقامات پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
انہون نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے منی پور میں 349 ریلیف کیمپ چل رہے ہیں۔ اس ماہ کے شروع میں منی پور میں نسلی تشدد پھوٹ پڑا، جس میں تقریباً 60 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ تشدد کے دوران گھروں کو بھی جلا دیا گیا ہے، ریاست کے کچھ حصوں سے نئے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوٹے گئے کل 4,537 ہتھیاروں میں سے ریاستی حکومت نے 990 ہتھیار برآمد کیے ہیں۔ تقریباً 53 ہتھیار، 39 بم اور 74 راؤنڈ گولہ بارود اور میگزین سمیت کئی ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست امن اور ہم آہنگی کی بحالی کے لیے تمام مناسب حفاظتی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سات سے دس دنوں کے دوران ریلوے اسٹیشن کو فعال کر کے کھونگسانگ تک ریل خدمات کو یقینی بنانے کی تمام کوششیں کر رہی ہے۔