جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر اور امیر شریعت شمال مشرقی ہند مفتی خیر الاسلام (ناگاؤں آسام) طویل علالت کے بعد84 سال کی عمر میں رحلت فرما گئے۔
نماز جنازہ ڈوہ گاؤں آسام میں جمعرات کو بعد نماز عصر ان کے صاحبزادے مفتی فخرالدین صاحب کی امامت میں ادا کی گئی جس میں مجمع کثیر شریک تھا۔مولانا مرحوم جلیل القدر عالم، متقی اورزاہدو غنی النفس انسان تھے، وہ آسام میں پھیلے ہوئے سینکروں مدارس و جامعات کے سرپرست اور مرجع کثیر الخلائق تھے۔
آسام کی معروف علمی ود ینی شخصیت اور امیر شریعت اول حضرت شیخ احمد علی باسکندی نوراللہ مرقدہ کے محبوب نظر رہے، شیخ باسکندی کے انتقال کے بعد سال 2000ء میں منصب امارت سے سرفراز ہوئے اور تاحیات اس پر فائز رہے۔
وہ سن 1963ء میں دارالعلوم دیوبند سے فارغ ہوئے، فراغت کے بعد دارالحدیث جے نگر آسام میں در س و تدریس کا آغاز کیا، دوسال بعد 65ء میں دارالعلوم فرمائی بھیٹی آسام میں درس و تدریس سے وابستہ ہوئے جہاں تاحیات شیخ الحدیث کے فرائض انجام دیتے رہے۔اس کے علاوہ مرحوم جمعیۃ علماء آسام کے نائب صدر اور دینی تعلیمی بورڈ کے بھی صدرتھے۔
28/اکتوبر 2017ء کو دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں منعقد اجلاس مجلس منتظمہ میں مولانا مرحوم کو جمعیۃ علماء ہند کا کل ہند نائب صدر منتخب کیا گیا۔