امپھال: منی پور کے ٹینگنوپال ضلع کے پالل میں جمعہ کو الگ الگ جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات میں خواتین سمیت تقریباً 50 افراد زخمی ہوگئے۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ متعدد میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ان جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔ پولیس کے مطابق حریف مسلح گروپوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں 11 شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
جیسے ہی سوشل میڈیا پر فائرنگ کی خبر پھیلی، تھوبل اور کاکچنگ اضلاع سے سینکڑوں مرد اور خواتین پالل کی طرف بڑھے، لیکن آسام رائفلز کے اہلکاروں نے انہیں روک دیا، جس کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا۔ آسام رائفلز نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن میں زیادہ تر خواتین تھیں۔ آسام رائفلز کے ایک جوان کو بھی معمولی چوٹیں آئیں۔
ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے اہلکاروں کے ایک بڑے دستے نے بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے امپھال سے پالیل جانے کی کوشش کی، لیکن تھوبل میں مظاہرین نے سڑکوں کو بلاک کر دیا، جس سے تصادم ہوا۔ آر اے ایف کے جوانوں کے ساتھ جھڑپ میں خواتین سمیت 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ اگرچہ مبینہ طور پر ٹینگنوپال ضلع اور دیگر مقامات پر شام سے کچھ دیر پہلے فائرنگ بند ہو گئی، لیکن صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔