اگرتلہ:تریپورہ میں اونوکوٹی ضلع کے کیلا قصبہ کے سنگر بل میں واقع کنیکا میموریل پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ناقص علاج کی سہولیات اور ناکافی خدمات کا الزام لگاتے ہوئے ایک پرتشدد ہجوم نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کی پٹائی کی۔ اتوار کی رات دیر گئے اس واقعے کے فوراً بعد اسپتال کی خدمات کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا تھا، جب کہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پولیس تعینات ہے۔ حالانکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے تاہم ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ زخمی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ستیہ جیت دتہ کو اگرتلہ گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈاکٹر دتہ کے چہرے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
پولیس کے مطابق علاقے کے لوگ سڑک حادثے میں جاں بحق دو افراد کی لاشوں اور تین زخمیوں کو لے کر اسپتال پہنچے۔ زخمیوں کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ضلع اسپتال ریفر کردیا، جب زخمیوں کو ایمبولینس پر ضلع اسپتال لے جانے کے لیے لایا گیا تو ایمبولینس خراب حالت میں کھڑی تھی۔ اس سے موقع پر موجود لوگ مشتعل ہوگئے۔ مشتعل ہجوم نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور اسپتال کے احاطے میں کھڑی ایمبولینس کو بھی توڑ دیا۔ اسپتال میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر دتہ پر جان لیوا حملہ کیا گیا، ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ انہیں مبینہ طور پر بہتر علاج کے لیے ضلع اسپتال لے جانے سے روکا گیا۔