اگرتلہ: تریپورہ کے ضلع گومتی میں ادے پور کے راجار باغ علاقے میں بچہ چوری کرنے والے گروہ میں شامل ہونے کے الزام میں مقامی لوگوں نے ذہنی طور پر معذور خاتون کی بے دردی سے پٹائی کردی۔ اس طرح کے الزام پر گزشتہ دو دنوں میں ریاست میں اس طرح کے حملے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ پولیس کے مطابق تریپورہ میں بچہ چوری کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے لیکن بچہ چوری کی افواہ ریاست کے امن و امان کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ ریاست میں بچوں کی چوری، گائے کی چوری اور انسانی اعضاء چوری کرنے والے گروہوں کی افواہوں کی وجہ سے پچھلے چند سالوں میں ہجومی تشدد (پیٹ پیٹ کر مار ڈالنے کی واردات) ایک نیا خطرہ بن گیا ہے۔ Four people Beaten by Public in Tripura
تریپورہ میں 2018 سے اب تک کم از کم 10 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور گزشتہ جمعہ کے روز مشرقی اگرتلہ کے جیرانیا میں ایک ایساہی واقعہ ہوا ہے، جہاں ایک نامعلوم شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز مبینہ بچہ چوری کے دو واقعات کی اطلاع ملی جن میں تین افراد کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ایک ذہنی طور پر معذور خاتون کو بری طرح زدوکوب کیا گیا۔ بعد ازاں اگرچہ پولس نے خاتون کو بچا کر اسپتال پہنچایا تاہم اس معاملے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔