اطلاعات کے مطابق کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے نتائج سے قبل ہی خرید و فروخت سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات کے تحت امیدواروں کو راجستھان شفٹ کرنا شروع کردیا ہے۔ اسی کے تحت آج اے آئی یو ڈی ایف کے امیدوار سمیت 22 افراد کو جے پور شفٹ کیا گیا ہے، جہاں ایئر پورٹ سے انہیں فیئر ماؤنٹ ہوٹل لایا گیا۔
خبروں کے مطابق جمعہ کے روز اے آئی یو ڈی ایف کے تمام امیدواروں کو بذریعہ طیارہ جے پور لایا گیا۔ اس کے بعد تمام امیدواروں کو ہوٹل فیئر ماؤنٹ شفٹ کیا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آئندہ 2 مئی تک تمام امیدوار جے پور میں ہی ٹھہریں گے۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت کی جانب سے پوری ذمہ داری مہیش جوشی کو دی گئی ہے۔ نتائج سے قبل کانگریس کیرالہ کے امیدواروں کو بھی شفٹ کرسکتی ہے۔
حالانکہ اس پورے عمل کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا تھا اور انڈیگو طیارے سے تمام امیدواروں کو خفیہ طور پر جے پور لایا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ قریب 22 افراد جن میں اے آئی یو ڈی ایف کے امیدوار زیادہ ہیں، کو جے پور شفٹ کیا گیا ہے۔ اس میں کچھ سابق ایم ایل اے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسام اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا اے آئی یو ڈی ایف کے ساتھ اتحاد ہے۔ اتحاد سے اے آئی یو ڈی ایف کو 20 سیٹیں ملی ہیں'۔