نئی دہلی: منی پور میں چھٹی پر آنے والے ایک فوجی جوان سرتو تھانگتھنگ کوم کو نامعلوم افراد نے اس کے گھر سے اغوا کر کے قتل کر دیا۔ وہ منی پور کے لیماکھونگ ملٹری اسٹیشن میں تعینات تھا۔ ذرائع کے مطابق اتوار کو منی پور کے امپھال مشرقی ضلع کے کھننگتھیک گاؤں میں فوج کے ایک سپاہی کی لاش برآمد ہوئی۔ جس کی شناخت کانگ پوکپی ضلع کے لیماکھونگ میں فوج کی ڈیفنس سیکیورٹی کور (DSC) پلاٹون کے سپاہی سرتو تھانگتھنگ کوم کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس کا تعلق امپھال ویسٹ کے ترونگ سے تھا۔
حکام کے مطابق فوجی سرتو کو صبح 10 بجے کے قریب ان کے گھر سے اغوا کیا گیا۔ ان کے 10 سالہ بیٹے کے مطابق جو اس پورے واقعہ کا واحد عینی شاہد بھی ہے، اس نے بتایا کہ اچانک تین آدمی ان کے گھر میں داخل ہوئے جب اس کے والد اور وہ گھر کے صحن میں کام کر رہے تھے۔ اچانک انہوں نے اس کے والد کے سر پر پستول تان کر اسے زبردستی سفید رنگ کی کار میں بٹھایا اور اپنے ساتھ لے کر چلے گئے۔