آسام: وزیر اعلیٰ ہیمانتا بسوا سرما کی حکومت قرض لینے کے معاملے میں بھی ایک بڑا ریکارڈ بنائے گی۔ سو کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کرکے عالمی ریکارڈ کے لیے بیہو فیسٹیول منعقد کرنے والی حکومت نے نئے مالی سال کے شروعات میں ہی قرض لینا شروع کر دیا ہے۔ ریاستی حکومت نے منگل کو ریزرو بینک کے ذریعے 1,000 کروڑ روپے کا قرض لیا ہے۔ دس سال کے لیے لیئے گئے اس قرض پر شرح سود 7.58 فیصد ہے۔ واضح رہے کہ آسام حکومت کی جانب سے فائدہ اٹھانے والی مختلف اسکیموں کو اپنانے کی وجہ سے ہر سال قرض کی رقم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اس دوران قرض کی رقم میں اضافے کی وجہ سے شرح سود میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
ریاست کو سود کے نام پر سالانہ 7,000 کروڑ روپے سے زیادہ ادا کرنا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، ریاست کی بی جے پی حکومت نے صرف سود کی ادائیگی کے نام پر گزشتہ سات سالوں میں 34,274.59 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ یاد رہے کہ ریاست میں 15 سال کی حکمرانی کے بعد آنجہانی ترون گوگوئی کی قیادت والی حکومت نے 35,690 کروڑ روپے کے قرض کا بوجھ چھوڑ دیا تھا۔ لیکن 2016 میں ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد قرض کا یہ بوجھ بڑھ کر 1.32 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ بی جے پی حکومت کی طرف سے ہر سال لیے گئے قرضوں کی رقم میں اضافے کی بنیادی وجہ فائدہ مند اسکیمیں ہیں۔ ریاستی حکومت نے ترقی کے نام پر قرض تو لیا ہے لیکن یہ رقم صرف انتخابی مقاصد کے لیے اسکیموں کو نافذ کرنے پر خرچ کر رہی ہے۔ نتیجتاً ریاست نے مجموعی طور پر ترقی نہیں کی۔