گوہاٹی:آسام میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔ 16 اضلاع میں تقریباً 4.89 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نلباڑی ضلع میں ایک شخص سیلاب کے پانی میں ڈوب گیا جس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ASDMA) کی سیلاب کی رپورٹ کے مطابق، صرف بجالی ضلع میں تقریباً 2.67 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے بعد نلباڑی میں 80,061، بارپیٹا میں 73233، لکھیم پور میں 22577، درانگ میں 14583، تامول پور میں 14180، بکسا میں 7282 اور گولپارہ ضلع میں 4750 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 10780.80 ہیکٹر فصل اراضی سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہے۔
سیلاب سے بجالی، بکسا، گولپارہ، گولا گھاٹ، کامروپ، بونگائیگاؤں، چرانگ، درنگ، دھیماجی، دھوبری، کوکراجھار، لکھیم پور، ناگاؤں، نلباڑی، تامول پور، بارپیٹا، بسوناتھ، ڈبروگڑھ اور ادل گوری ضلع کے 54 ریونیو ڈویژنوں کے تحت 1,538 گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔ موسلادھار بارش کے بعد برہم پترا ندی کی پانی کی سطح جورہاٹ ضلع کے نیماٹی گھاٹ اور دھوبری میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 140 ریلیف کیمپ اور 75 ریلیف ڈسٹری بیوشن سینٹرز قائم کیے ہیں اور ان ریلیف کیمپوں میں 35142 افراد نے پناہ لی ہے۔