اگرتلہ، تریپورہ اسمبلی انتخابات کے دوران دو ہفتوں میں ریکارڈ 29 کروڑ روپے نقد اور ممنوعہ اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کرن گٹے نے اتوار کو یہ دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن (ای سی آئی) نے تشدد سے پاک انتخابات کو یقینی بنانے اور پیسے اور طاقت کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لیے تمام تر کوششیں کی ہیں۔ اس کے نتیجے میں انتخابی شیڈول کے اعلان سے تین ہفتے قبل مرکزی نیم فوجی دستوں کی 200 کمپنیاں تریپورہ پہنچ گئیں اور حساس علاقوں میں فلیگ مارچ اور سرگرمیاں شروع کر دیں۔
انہوں نے کہا، "ای سی آئی نے اس بار تشدد اور انتخابی ضابطہ کی دیگر خلاف ورزیوں کی شکایات کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ ہم اس اسمبلی الیکشن کو انتخابی انتظام کے معاملے میں ملک کے لیے ایک ماڈل بنانے کے لیے مشن موڈ میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ معذور ووٹرز کی سہولت کے لیے 500 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں میں مستقل ریمپ بنائے گئے اور تمام پولنگ اسٹیشنوں میں ٹوائلٹ اور بجلی کی سہولیات کو یقینی بنایا گیا تاکہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کیا جا سکے۔ کمیشن نے 88 ماڈل پولنگ اسٹیشنز بنائے ہیں اور کم از کم 97 پولنگ اسٹیشنز خواتین، 33 نوجوان اور 28 معذور افراد چلائیں گے۔