وشاکھاپٹنم کے آر آر پورم میں واقع ایل جی پائیمرس کمپنی میں گیس اخراج واقعہ کے پانچ دن بعد تقریباً 13 ہزار ٹن اسٹائرین گیس کو جنوبی کوریا منتقل کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ منتقلی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کمپنی نے گیس کو سنگاپور سے برآمد کیا تھا اور اسے ایک پلانٹ کے علاوہ وشاکھاپٹنم بندرگاہ میں دو ٹینکس میں اس کا ذخیرہ کر رکھا تھا۔
حکومت آندھراپردیش نے وزارت جہاز رانی سے رجوع ہوتے ہوئے کمیکل کی جنوبی کوریا منتقلی کےلیے درخواست کی تھی جبکہ اس سلسلہ میں خصوصی کنٹینر فراہم کیا گیا۔
وشاکھاپٹنم ضلع کلکٹر وی ونئے چند نے کہا کہ آٹھ ہزار ٹن اسٹائرین گیس کو ایک خصوصی کنٹینر کے ذریعہ جنوبی کوریا منتقل کرنے کے اقدمات کئے گئے ہیں اور ماباقی پانچ ہزار ٹن گیس کو آئندہ ایک دو دنوں میں جنوبی کوریا روانہ کردیا جائے گا۔
آندھراپردیش حکومت کے مطابق آر آر وینکٹاپورم میں حالات قابو میں ہیں تقریباً گیس متاثرین کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔