حیدرآباد: ریاست آندھراپردیش کے ضلع وائی ایس آر میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین نوجوان ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ ضلع کے چنارو منڈل حدود کے پالم پلی کے قریب آج صبح کی اولین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار لاری کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اور یہ لاری، بائیک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تین نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت سریش، دنیش اور سُبیا کے طورپر کی گئی ہے۔ یہ نوجوان اپنی بائیک پر سوار ہوکر چننور کی سمت جارہے تھے۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
وہیں شہر حیدرآباد کے کشائی گوڑہ میں واقع ٹمبرڈپو میں لگی آگ کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق کل شب تقریبا تین بجے اس ٹمبرڈپو میں آگ لگ گئی۔اس بات کی اطلاع کے ساتھ ہی تین فائربریگیڈس وہاں پہنچے اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں کاآغاز کردیا۔اتوار کی صبح تقریبا 6بجے فائربریگیڈ کے عہدیداروں اور پولیس کو اطلاع ملی کہ متصل عمارت میں دوسری منزل پر ایک خاندان پھنسا ہوا ہے۔بچاو ٹیم فوری طورپر عمارت پہنچی اور پہلی منزل پر ایک شخص، خاتون اور ایک لڑکے کی لاشوں کو پایا۔