حیدرآباد: اے پی کے ضلع باپٹلہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک اور مزید تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ ضلع کے رائے پلی منڈل کے مضافاتی علاقہ روی اننت ورم میں اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار لاری کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اور یہ لاری نہر میں گر پڑی۔ اس حادثہ میں تین افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو رائے پلی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ یہ حادثہ پالناڈو ضلع جانے کے دوران پیش آیا۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ حالت نیند میں گاڑی چلانے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں کا تعلق پالناڈو ضلع سے ہے۔
وہیں تلنگانہ کے جگتیال ضلع مستقر میں لاری نے ڈیوائیڈر کو ٹکر دے دی۔ یہ واقعہ ضلع کے نٹراج چوراہا کے قریب آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق لاری کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھو دیا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا تاہم اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا اور ڈرائیور محفوظ رہا۔ اس حادثہ کے سبب اس قومی شاہراہ پر ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی تاہم اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے لاری کو کرین کی مدد سے وہاں سے ہٹاتے ہوئے ٹریفک کے لئے اس روٹ کو بحال کرنے کا کام کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور حالت نشہ میں تھا جس کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔