امراوتی: تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے اتوار کو فیصلہ کیا کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ ٹی ڈی پی کے سپریمو اور سابق وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو ہنوز آندھرا پردیش اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں اب بھی جیل میں بند ہیں۔ اسی وجہ سے پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چندرابابو نائیڈو نے ہفتہ کو راجمندری سنٹرل جیل میں ٹی ڈی پی تلنگانہ یونٹ کے صدر کاسانی گننیشور سے ملاقات کے دوران تلنگانہ اسمبلی انتخابات نہ لڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ٹی ڈی پی کے قومی صدر نے ان سے کہا کہ آندھرا پردیش کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پارٹی تلنگانہ انتخابات پر توجہ نہیں دے سکتی۔ سابق وزیراعلی نائیڈو نے تلنگانہ یونٹ کے صدر سے تلنگانہ میں پارٹی قائدین کو ان حالات کی وضاحت کرنے کو کہا جنہوں نے پارٹی کو انتخابات سے دور رہنے پر مجبور کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کو کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے 9 ستمبر کو کروڑوں روپے کے سکل ڈیولپمنٹ گھوٹالے میں گرفتار کیا تھا۔ تب سے وہ عدالتی حراست میں ہیں اور سی آئی ڈی دو دیگر معاملات میں بھی ان کے مبینہ ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کا خاندان اور تلگو دیشم پارٹی ان دنوں مختلف عدالتوں میں قانونی لڑائی میں مصروف ہیں۔