حیدرآباد: بیٹے اور بہو کو تھائی لینڈ جانے کے لئے ایرپورٹ پر چھوڑنے کے بعد واپسی کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں باپ ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی بیوی زخمی ہوگئی۔ اس حادثہ کی اطلاع کے بعد اس کا بیٹا باپ کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے تھائی لینڈ سے واپس ہوا۔ آندھراپردیش کے ضلع نندیال کے گانی گاوں سے تعلق رکھنے والا 45سالہ کسان پرمیشورپا کا بیٹا سائی تیجو اور اس کی بہو مونیکا حیدرآباد میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتی تھی۔ پرمیشورپا، اس کی بیوی شیولکشمی، بیٹا اور بہو کار میں شمس آباد ایرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے کیونکہ بیٹے اور بہو کو تھائی لینڈ میں ملازمت حاصل ہوئی تھی۔
وہ اپنے بیٹے اور بہو کو وداع کرنے کے بعد کار میں واپس ہورہا تھا کہ مانوپاڈو منڈل میں بوراویلی اسٹیج کے قریب ڈرائیور کی نیند کی وجہ سے کار قومی شاہراہ کے قریب ایک پتھر سے ٹکرا کرالٹ گئی۔ پرمیشورپا نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھا تھا۔حادثہ کے نتیجہ میں دونوں گاڑی سے گرگئے۔ پرمیشورپا کو سرپرشدید زخم آئے۔اس کو اور اس کی بیوی کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا تاہم راستہ میں ہی پرمیشورپا کی موت ہوگئی۔ سائی تیجا اپنے باپ کی موت کی اطلاع کے ساتھ ہی بیوی کے ساتھ ہندوستان آگیا جہاں اس نے اپنے باپ کی آخری رسومات انجام دی۔