امراوتی کو ہی اے پی کا دارالحکومت برقرار رکھنے کے مطالبہ پر ریاست بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی پروگرام جاری ہیں۔
اس مسئلہ پر کسانوں اور خواتین کی جانب سے چلائی جارہی تحریک 300ویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔ آج وجئے واڑہ اور گنٹور کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر ریلی نکالی گئی۔
وجئے واڑہ کی بی آرٹی سی روڈ پر شارداکالج سے پانچ کیلومیٹر تک ریلی نکالی گئی۔ اس احتجاجی ریلی میں سیاسی لیڈروں کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں اور کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے امراوتی کو ہی دارالحکومت برقرار رکھنے کامطالبہ کیا اور ریاست میں تین دارالحکومتوں سے متعلق ریاستی حکومت کے قدم کی مخالفت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے امراوتی جے اے سی کے لیڈر اے شیواریڈی نے کہا کہ ریاست بھر کے تمام منڈلوں مستقروں میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔