حکومت آندھراپردیش اور گجرات کی حکومت کے ساتھ تال میل کے ذریعہ انہوں نے تلگو ریاست کے 3800 ماہی گیروں کی واپسی کا انتظام کیا ہے جو ماہی گیری کے لیے گجرات گئے تھے اور لاک ڈاون کی وجہ سے اس ریاست میں پھنس گئے تھے۔
اس سلسلہ میں کشن ریڈی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صورتحال سے آگاہی کے بعد مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اس مسئلہ پر دونوں حکومتوں سے بات کی اور پھنسے ہوئے ماہی گیروں کو بذریعہ سڑک تلگو ریاست پہنچانے کا انتظام کیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ یہ پھنسے ہوئے ماہی گیر گذشتہ 35 دنوں سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا کررہے تھے۔ ”ہم نے اس صورتحال پر گجرات کے وزیراعلی وجئے روپانی اور اے پی کے وزیراعلی جگن موہن ریڈی سے بات کی جس کے بعد ہم نے ان ماہی گیروں کی واپسی کے لئے مناسب انتظامات کئے۔ ان کی مناسب طبی جانچ کے بعد ان کو بسوں کو بیٹھنے کی اجازت دی گئی تاکہ وہ اپنے آبائی مواضعات پہنچ سکیں“۔ منگل کی شب اس خصوص میں 26 بسوں کا انتظام کیاگیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ان ماہی گیروں کو جانے کی اجازت دینے سے پہلے ان کے کورونا کے معائنے کروائے۔ ان ماہی گیروں کو حکومت گجرات کی جانب سے گذشتہ دو دنوں سے مناسب غذا اور دوائیں بھی فراہم کی گئیں۔