آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ اور کرنول کے کئی مقامات پر شدید بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں عام زندگی متاثر ہوگئی کیونکہ کئی مقامات اور اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
ضلع کرنول اور کڑپہ میں آج صبح دو گھنٹے تک شدید بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ کڑپہ شہر میں آر ٹی سی بس ڈپو، بس اسٹینڈ روڈ، کورٹ روڈ، امبیڈکر سرکل اور گروکل ودیا پیٹھ روڈ کے ساتھ ساتھ دیگر اہم سڑکوں پر گھٹنوں برابر پانی جمع ہوگیا۔
بیشتر رہائشی مقامات بشمول این جی او کالونی، گنجی کنٹہ کالونی، شیوانندا پورم اور کماری کنٹہ علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ شیوانندا پورم میں دو مکانات منہدم ہوگئے تاہم اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ میدکورٹاؤن میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی۔