سری ہری کوٹا: انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے آج صبح 10.10 بجے بغیر پائلٹ کے گگن یان مشن کی پہلی تجرباتی پرواز کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا ہے۔ اسرو کے چیئرمین ایس سومناتھ نے کہا کہ "میں گگن یان مشن کے مقاصد کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے خوش ہوں"۔ گگنیان مشن میں عملے کی حفاظت سے متعلق پے لوڈ لے جانے والا اسرو راکٹ اپنے نظرثانی شدہ لانچ شیڈول کے مطابق سری ہری کوٹا سے روانہ ہوگیا ہے۔
قبل ازیں اسرو نے ایکس میں لکھا تھا کہ "لانچ روکے جانے کی وجہ کی نشاندہی کی گئی ہے اور اسے درست کیا گیا ہے۔ لانچ کی منصوبہ بندی آج 10:00 بجے ہے"۔ لانچ میں تاخیر ہونے کے بعد مشن کنٹرول سینٹر کے سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خودکار لانچنگ کی ترتیب طے کی گئی تھی لیکن لفٹ آف کی کوشش آج کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ خودکار لانچ کی ترتیب معمول پر تھی، لیکن انجن میںاگنیشن نہیں ہوسکا، تاہم، لانچ وہیکل محفوظ ہے"۔
اسرو چیئرمین نے کہا تھا کہ "ہم لانچ وہیکل کے پاس پہنچیں گے اور انجن کے اگنیشن نہ ہونے کے بارے میں مطالعہ کریں گے۔" ڈاکٹر سومناتھ نے کہا کہ "ہم اس گڑبڑی کو دور کرنے کے بعد جلد ہی دوبارہ کوشش کریں گے۔ تجرباتی اڑان کے لیے فرسٹ لانچ پیڈ سے صبح 8.00 بجے کا مقرر کیا گیا تھا۔ اسرو کی جانب سے پہلے لفٹ آف کو 8:30 بجے صبح شیڈول گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے لانچ کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرو کا اس سال کا پہلا سٹلائیٹ پی ایس ایل وی سی 52 لانچ
واضح رہے کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے جمعہ کے دن بتایا تھا یہ فلائٹ ٹیسٹ مجموعی طور پر گگنیان پروگرام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اسرو نے کہا کہ "فرسٹ لانچ پیڈ سے ٹیک آف سے لے کر کریو ماڈیول کی لینڈنگ تک پوری پرواز کا سلسلہ سری ہری کوٹا سے 10 کلومیٹر دور سمندر میں پیراشوٹ کی تعیناتی کے ذریعہ 531 سیکنڈ تک جاری رہے گا۔" یہ کارروائی بالآخر سری ہری کوٹا کے ساحل سے تقریباً 10 کلومیٹر دور سمندر میں سی ایم کی محفوظ لینڈنگ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔