حیدرآباد: ریاست آندھرا پردیش کے پالناڈو ضلع میں سابق منڈل پرجا پریشد ( ایم پی پی ) رکن حملے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ضلع کے روپم چرلہ کے آلہ والا علاقہ میں واقع ان کے مکان میں کل شب گھس کر سابق ایم پی پی بالا وینکٹ ریڈی پر نامعلوم افراد نے دو راؤنڈ فائرنگ کردی جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ان کو ارکان خاندان نے ابتدا میں نرسا راؤ پیٹ کے سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں سے بہتر علاج کے لیے ان کو دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے جانچ شروع کردی۔ پولیس نے شواہد جمع کیے۔ وینکٹ ریڈی کے ارکان خاندان کا الزام ہے کہ مخالفین نے یہ گولیاں چلائیں۔ واردات انجام دینے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع پر تلگو دیشم کے لیڈروں نے بالا وینکٹ ریڈی کی عیادت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہے کہ تلگو ریاستوں میں اس وقت جرائم میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ تلنگانہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ سال 2022ء میں ریاست میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 4.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال سائبر جرائم کے معاملات میں 57 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ انہوں نے پولیس کے سالانہ راونڈ اپ سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سال 2021ء میں 1.36 لاکھ معاملات درج کئے گئے تھے۔اس سال ریاست میں کہیں بھی کوئی بڑا فرقہ وارانہ تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا۔