حیدرآباد:ریاست آندھراپردیش کے تروپتی سے تلنگانہ کے ضلع عادل آباد جانے والی کرشنا ایکسپریس ٹرین میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس پولیس نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری ٹرین کی تلاشی لی تاہم بعد ازاں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے سنٹرل ریلوے کنٹرول روم کو فون کرتے ہوئے ٹرین میں بم ہونے کی اطلاع دی جس کے ساتھ ہی کرشنا ایکسپریس ٹرین کو مولا علی ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا اور گورنمنٹ ریلوے پولیس کے ساتھ ساتھ ریلوے پروٹیکشن فورس پولیس نے ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مکمل ٹرین کی تلاشی لی جس میں بم نہ ملنے پر ریلوے حکام کے ساتھ ساتھ مسافرین نے راحت کی سانس لی۔
بعد ازاں اس ٹرین کو اس کی منزل کی طرف روانہ کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ کال کرنے والے کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ اس نے سب انسپکٹر کے عہدے کے لیے تیاری کی تھی تاہم سر پر چوٹ لگنے سے اس کی ذہنی حالت خراب ہوگئی۔ رچہ کنڈہ پولیس کنٹرول روم کو اس نے فون کال کیا تھا۔ واضح رہے کہ نومبر 2022 میں تلنگانہ کے حیدرآباد میں پولیس کنٹرول روم کو بم کی جھوٹی اطلاع دینے والے ایک شخص کو عدالت نے 18 دن کی جیل کی سزا سنائی تھی۔ پرانا شہر حیدرآباد کے سنتوش نگر سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے منگل کو تقریباً دس بجے پولیس کو فون کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس سدن، سعیدآباد علاقہ میں بم رکھا گیا ہے۔ اس کی اس اطلاع کے ساتھ ہی پولیس اور بم کو ناکارہ بنانے والا اسکواڈ وہاں پہنچ گیا اور تقریبا دو گھنٹوں تک کافی تلاشی کے باوجود بھی اس علاقہ میں بم نہیں پایا گیا۔