امراوتی: تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو، جو مبینہ اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اسکیم میں گرفتار ہوئے ہیں، ان کو سی آئی ڈی نے ملزم اے37 کے طور پر نامزد کیا ہے۔ عدالت میں پیش کی گئی ریمانڈ رپورٹ کے مطابق، سی آئی ڈی نے کہا کہ نائیڈو پوچھ تاچھ کے دوران تعاون نہیں کر رہے تھے اور مبہم جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ چیزیں یاد نہیں ہیں۔ نائیڈو کو بدعنوانی کے ایک مبینہ معاملے میں گرفتار کیے جانے کے ایک دن بعد، اتوار کی صبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ٹی ڈی پی سربراہ کی عدالتی تحویل کا مطالبہ کرتے ہوئے ریمانڈ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکام نے آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کو نندیال سے وجئے واڑہ لے جانے کے لیے، ایک ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا تھا، لیکن اپوزیشن لیڈر نے اسے استعمال کرنے سے انکار کر دیا۔ مزید کہا گیا کہ کارکنوں نے قافلے کو کئی بار روکا، جو کہ قانون نافذ کرنے والے افسران کو ان کے عہدے کی وجہ سے ڈرانے کا اشارہ ہے۔ آگے رپورٹ میں کہا گیا کہ، 'نائیڈو سے ان نوٹ فائلوں کی بنیاد پر سوالات پوچھے گئے، جو اس 'کیس ڈائری' سے متعلق شواہد کا حصہ ہیں، لیکن انہوں نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے تعاون نہیں کیا اور مبہم جواب دیا کہ انہیں حقائق کا علم نہیں ہے۔ اس سلسلے میں، رپورٹ ثالثوں کی موجودگی میں تیار کی گئی تھی اور نائیڈو نے اس کی تصدیق کی تھی۔