وجیا نگرم: آندھرا پردیش کے وجیا نگرم ضلع میں اتوار کو الامندا-کانٹاکاپلی اسٹیشنوں کے درمیان کھڑی ٹرین سے مسافر ٹرین حادثے میں اب تک 14 افراد ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے میں مزید لوگوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق وشاکھاپٹنم-پالسا مسافر ٹرین ٹریک پر رُک کر سگنل کا انتظار کررہی تھی۔ اسی وقت وشاکھاپٹنم-رائے گڑا مسافر ٹرین نے پیچھے سے کھڑی ٹرین کو ٹکر مار دی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق اس ٹکر میں تین بوگیاں بری طرح تباہ ہوگئیں اور پٹری سے اتر گئیں۔ اناکاپلے اور وشاکھاپٹنم سے ایمبولینسیں یہاں بھیجی گئیں۔ بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ایک خصوصی ریسکیو ٹرین بھیجی گئی۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں ریسکیو آپریشن کے لیے موقع پر پہنچ گئیں۔ ضلع کلکٹر ایس ناگلکشمی اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈیکا پٹیل آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ انٹر لاکنگ سگنل سسٹم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ ریلوے حکام نے مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے کئی ہیلپ لائنیں شروع کی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بچاؤ اور راحتی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پر روشنی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور آپریشن میں این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
آندھرا پردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے اہل خانہ کو فی کس دس لاکھ روپیے ایکس گریشیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد فی کس دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلی نے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ضلع انتظامیہ اور دیگر محکموں کو ہدایت دی ہے۔
آندھرا پردیش کے گورنر ایس عبدالنذیر اور وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ نذیر کو بتایا گیا کہ ضروری امدادی انتظامات کیے گئے ہیں اور زخمی مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کی کارروائی کی گئی ہے۔ گورنر نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔
وزیراعظم مودی کا آندھرا پردیش میں ٹرین حادثے پر دکھ کا اظہار