حیدرآباد: ایک چونکا دینے والے واقعہ میں آندھرا پردیش کے ضلع این ٹی آر میں 6 افراد کی جانب سے دلت نوجوان پر مبینہ طور پر حملہ اور اس پر پیشاب کرنے کا واقعہپیش آیا۔ متاثرہ شخص کی شناخت شیام کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے ان 6 افراد کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد ان 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس عہدیداروں نے کہاکہ دلت نوجوان کو ان ملزمین نے تقریبا 4گھنٹے پکڑ کر اس کی پٹائی کی اور جب اس نے پانی مانگا تو اس پر پیشاب کیاگیا۔ یہ واقعہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب تلگودیشم پارٹی کے ایس سی سل نے احتجاج کیا اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ اس احتجاج کا اہتمام تلگودیشم ایس سی سل کے صدر ایم ایم ایس راجو نے کیا جنہوں نے کنکاچرلہ کے قریب شاہراہ پر راستہ روک دیا اور دھرنا دیا۔