حیدرآباد: سپریم کورٹ نے فائبرنیٹ معاملہ میں آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے داخل کردہ ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت اس ماہ کی 30 تاریخ تک ملتوی کردی ہے۔ آندھرا پردیش سی آئی ڈی کی طرف سے درج کردہ اس معاملہ میں چندرا بابو نے ضمانت قبل از گرفتاری کی خواہش کرتے ہوئے درخواست داخل کی تھی۔ عدالت نے اس درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ 30 نومبر تک چندرا بابو کو گرفتار نہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں عدالت عظمی نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ اسکام معاملہ میں فیصلہ دیوالی کے بعد سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ فائبر نیٹ مقدمہ کا تعلق آندھرا پردیش فائبر نیٹ پروجیکٹ کے فیز-1 کے تحت کام کا آرڈر الاٹ کرنے میں ٹینڈر میں مبینہ ہیرا پھیری سے ہے جس میں ایک پسندیدہ کمپنی کو 330 کروڑ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔ آندھرا پردیش پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے ٹینڈر دینے سے لے کر کام پورا ہونے تک پروجیکٹ میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ہے۔ اس بدعنوانی سے ریاستی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔