اننت ناگ (جموں کشمیر) :گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کے شعبہ ریڈیولوجی نے عالمی یوم ریڈیولوجی کی نسبت سے ایک تقریب منعقد کی۔ تقریب میں جی ایم سی کی پرنسپل ڈاکٹر انجم فرحانہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ جب کہ اس موقع پر ’’عالمی یوم ریڈیولوجی‘‘ کی نسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران مقررین نے میڈیکل شعبہ میں ریڈیولاجی کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: ’’تشخیص کے بغیر مریض کا علاج و معالجہ کرنا نا ممکن ہے، اسلئے ریڈیولاجی کا طبی شعبہ میں ایک اہم کردار حاصل ہے۔‘‘
ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر صائقہ شفیع نے جدید تشخیصی تکنیک سے لے کر مریضوں کی غیر معمولی دیکھ بھال تک ڈیپارٹمنٹ کی نمایاں کامیابیوں کا ایک جامع خاکہ پیش کیا اور مذکورہ شعبہ کے تعلق سے درپیش چیلینجوں کے بارے میں بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ سینئر ریڈیولوجسٹ اور جی ایم سی اننت ناگ کے ترجمان، ڈاکٹر اویس ایچ ڈار نے ایم ایم اے بی ایم ہسپتال اور ایم سی ایچ ہسپتال میں ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کی نمایاں شراکت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مریضوں کی دیکھ بھال میں شامل جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے بارے میں اپنے تجربات و مشاہدات بیان کیے۔