اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کھنہ بل علاقے میں ایک خاتون نے اس وقت خودکشی کرنے کی کوشش کی جب اس نے دریا میں چھلانگ لگانے کی کو شش کی تاہم مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بچا لیا۔27 سالہ مذکورہ خاتون اننت ناگ کے سیر علاقے کی رہنے والی ہے اور شُول بٹنگو اننت ناگ میں اس کی شادی ہوئی ہے، خاتون نے ہفتہ کی دوپہر کھنہ بل علاقہ میں دریا میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی، تاہم اسے بچا لیا گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ خاتون دو بچوں کی ماں ہے اور بٹنگو اننت ناگ میں اپنے سسرال والوں کے ساتھ کچھ تنازع کو لے کر اس نے زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ کے بارے میں اطلاع دی جس کے بعد ڈیوٹی آفیسر (ڈی او) تھانہ کھنہ بل منظور احمد کی سربراہی میں پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی۔ اور مذکورہ خاتون کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔