جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں یوتھ مومنٹ کشمیر اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے ولر ہامہ پہلگام میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔
شجرکاری مہم کے دوران پہلگام، ولرہامہ میں کئی مقامات پر پودے نصب کیے گئے اور عوام کو ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں جنگلات کی اہمیت سے واقف کرایا گیا۔
اننت ناگ میں محکمہ جنگلات کی جانب سے شجر کاری مہم کا آغاز اس موقع پر رینجر افسر سہیل شکاری نے کہا کہ ’’اس طرح کے پروگرام ایک جامع منصوبے کے تحت انجام دئے جا رہے ہیں۔ جبکہ اس کا مقصد نہ صرف جنگلاتی رقبے میں اضافہ کرنا ہے بلکہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنا بھی مقصود ہے۔‘‘
انہوں نے مستقبل میں بھی شجر کاری مہم جاری رکھے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وہیں انہوں نے اس شجر کاری مہم میں مقامی لوگوں خصوصا بچوں اور بزرگوں کی شرکت پر انکا شکریہ ادا کیا۔