اننت ناگ:جموں و کشمیر میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ہلر ریلوے اسٹیشن پر پانی بھر جانے کے بعد قاضی گنڈ اور بانہال سیکشن کے درمیان ریل سروس میں خلل پڑا ہے ۔ریلوے حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کی وجہ سے ہلر ریلوے اسٹیشن پر کافی پانی جمع ہو گیا یے، جس سے ریلوے اسٹیشن پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، اسلئے مسافروں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے قاضی گنڈ اور بانہال کے درمیان ٹرین سروس کو احتیاطی اقدام کے طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمی صورتحال میں بہتری یا پانی کی نکاسی کے فوراً بعد ریل خدمات کو قاضی گنڈ اور بانہال کے درمیان دوبارہ بحال کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے مسلسل بارشوں کی وجہ سے ہلر ریلوے اسٹیشن پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹرین سروس میں خلل پڑا۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مسلسل بارشیں ہونے سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے، نشیبی علاقوں سڑکوں گلی کوچوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، وہیں دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے.. ادھر محکمہ موسمیات نے 22 اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔