ضلع صدر مقام اننت ناگ سے محض دس کلو میٹر دور ونتراگ علاقے میں سڑک اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب لوگوں نے انتظامیہ کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
علاقے میں سڑک کی خستہ حالی، بجلی کے ابتر ترسیلی نظام کے علاوہ مقامی باشندوں نے صحت عامہ کے حوالے سے بھی شکایات کیں۔
مقامی باشندوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’ونتراگ میں تعمیر وترقی اور بنیادی ضروریات بہم پہچانے کے صرف بلند و بانگ دعوے کیے جاتے ہیں تاہم زمینی سطح پر ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملتا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب مقامی باشندے انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ سڑک جیسی بنیادی ضرورت نہ ہونے کے سبب علاقہ برفباری کے ایام میں بیرون دنیا سے پوری طرح منقطع ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت عامہ کے حوالے سے بھی علاقے کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں کے کہا کہ علاقے میں قائم ڈسپنسری میں ڈاکٹروں کی تعینانی عمل میں نہیں لائی جاتی جس کے سبب معمولی طبی معائنے کے لیے لوگوں کو طویل مسافت طے کرنا پڑتی ہے۔